ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیف معاملہ:وزیر بنتے ہی پلٹ گئے الفونس ؛ سیلانیوں کو اپنے ملک سے ہی بیف کھاکر کیرالہ سیاحت کے لئے آنے کی ہدایت

بیف معاملہ:وزیر بنتے ہی پلٹ گئے الفونس ؛ سیلانیوں کو اپنے ملک سے ہی بیف کھاکر کیرالہ سیاحت کے لئے آنے کی ہدایت

Fri, 08 Sep 2017 20:59:52    S.O. News Service

نئی دہلی،8؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مودی کابینہ میں وزیروں پر آر ایس ایس کا نظریہ کس طرح تھوپا جاتا ہے اس کی تازہ مثال مرکز کے نئے وزیر مملکت برائے سیاحت الفونس کننتھانم ہیں۔ ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا ہے جب انھوں نے کیرالہ میں بیف کی پابندی سے یہ کہتے ہوئے انکار کیا تھا کہ کیرالہ کے لوگ بیف کھاتے رہیں گے کیونکہ ملک میں کوئی فوڈ ایمرجنسی نہیں لگی ہوئی ہے۔ لیکن اب انھوں نے کیرالہ کے باشندوں کو تو چھوڑیے باہر سے آنے والے سیلانیوں کو بھی کیرالہ میں بیف نہ کھانے کی ہدایت دے ڈالی ہے اور کہہ دیا ہے کہ وہ بیف کھانا چاہتے ہیں تو اپنے ملک سے کھا کر کیرالہ سیاحت کرنے آئیں۔دراصل الفونس نے اڈیشہ میں انڈین ایسو سی ایش آف ٹور آپریٹرس کے 33ویں سمیلن میں شرکت کی جس میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے سیلانیوں کو ہندوستان میں بیف نہ کھانے کا پیغام دیا۔ سوال تھا کہ کئی ریاستوں میں اب بیف پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تو کیا اس پابندی کا اثر سیاحت کے سیکٹر پر بھی پڑے گا؟ جواب میں الفونس نے کہا کہ اگر وہ بیف کھانا چاہتے ہیں تو اپنے ملک میں کھا کر ہندوستان آئیں۔قابل ذکر ہے کہ 3ستمبر کو مرکزی کابینہ میں شامل ہوئے الفونس نے 4 ستمبر کو ایک بیان دیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ میں بیف پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔ کیرالہ میں لوگ بیف کھاتے رہیں گے، کسی کو کھانے سے کیوں روکا جائے گا، کیونکہ ملک میں کوئی فوڈ ایمرجنسی نہیں لگی ہوئی ہے۔ لیکن جس طرح سے ایک ہفتے کے اندر انھوں نے اپنا بیان بدل دیا ہے، اس سے ظاہر ہے کہ مودی کے وزیروں کی آزادی صلب ہو جاتی ہے اور ان پر آر ایس ایس کا نظریہ تھوپ دیا جاتا ہے۔ ان سے وہی بیان دلائے جاتے ہیں جو آر ایس ایس یا بی جے پی دلانا چاہتی ہے۔


Share: